تربیلا توسیعی منصوبے پر کھدائی کے دوران چٹان گر گئی، تمام مزدور محفوظ: واپڈا

تربیلا توسیعی منصوبے پر کھدائی کے دوران چٹان گر گئی، تمام مزدور محفوظ: واپڈا

تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے (ٹی-5) پر کھدائی کے دوران کمزور چٹان کا ایک حصہ گرنے سے پانی قریبی تعمیراتی حصوں میں داخل ہو گیا، تاہم واپڈا کے مطابق تمام مزدوروں کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا۔

واقعہ دوسری بینچ کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران پیش آیا، جس کے بعد انٹیک پِٹ کا پانی سرنگ اور زیرِ تعمیر پاور ہاؤس کے علاقے میں آ گیا۔ حکام نے ہنگامی صورتحال نافذ کر کے تعمیراتی کام معطل کر دیا۔ کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

واپڈا کا کہنا ہے کہ انٹیک پِٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے اور پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔ ادارے کے مطابق مرکزی سرنگ، پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اور ٹی-5 سرنگ گرنے کی خبریں درست نہیں۔

حکام کے مطابق زیریں علاقوں میں سیلاب کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں، تاہم تربیلا سے اضافی پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے سندھ میں بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے، اس لیے شہریوں کو دریا میں نہانے، تیراکی اور کشتی رانی سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔

1530 میگاواٹ کے اس منصوبے کی تکمیل کے بعد تربیلا کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4888 سے بڑھ کر 6418 میگاواٹ ہو جائے گی۔