سیلاب کے باعث معطل ہونے والی لاہور-فیصل آباد ریلوے سروس 15 نومبر سے دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔
پاکستان ریلوے کے سی ای او حافظ اللہ کے مطابق بحالی کا کام شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ سول ورکس مکمل ہو چکے ہیں جبکہ نئے پشتے اور ٹریک بچھانے کا کام تقریباً مکمل ہے، اور انجینئرز نئے ٹریک کا معائنہ کر رہے ہیں۔ سروس کی بحالی سے پہلے ٹرائل ٹرین بھی چلائی جائے گی، جبکہ وفاقی وزیرِ ریلوے 15 نومبر کو سروس کا افتتاح کریں گے۔
اس روٹ پر شالیمار، بدر، غوری اور قراقرم ایکسپریس سمیت کئی مسافر اور مال بردار ٹرینیں چلتی ہیں۔ دریائے راوی اور چناب میں سیلاب اور نالہ ڈیک و نالہ بھیڑ میں شگاف پڑنے سے ریلوے پلوں کے نیچے سے مٹی بہہ گئی تھی، جبکہ اگست میں شیخوپورہ کے قریب ایک ریلوے پل گر گیا تھا۔
بحالی کے اس منصوبے پر 45 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔
