27ویں ترمیم کی جبری اکثریت سے منظوری کے بیان پر بلاول کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا، رانا ثناء

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے اس بیان پر کہ 27ویں ترمیم جبری اکثریت سے منظور کی گئی، ان کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیازی نے شرکت کی۔

یہ زور زبردستی کریں گے تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا، خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا: بلاول

سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کے اس بیان پر کہ 27ویں ترمیم جبری اکثریت سے کی گئی ہے، ان کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایک پارٹی کا لیڈر یہ کہے کہ میں نے دباؤ میں آکر آئینی ترمیم پر ووٹ دیا ہے تو اس بیان سے ان کی نااہلی ہوسکتی ہے۔

ن لیگی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو 27ویں ترمیم کے تحت بننے والے جوڈیشل کمیشن کے بینیفشری ہیں، پی پی چیئرمین نے آج ناراضی میں یہ باتیں کی ہیں۔

پیپلز پارٹی کہتی کچھ، عملاً کرتی کچھ اور ہے، ترجمان اپوزیشن اتحاد

اُن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سندھ کی تقسیم کی بات پر ناراض ہوئے ہیں، وہاں واقعی ان کے لیے ایک مسئلہ ہے، ہمیں شروع سے پتا ہے سندھ کی تقسیم کی بات پر پیپلز پارٹی کے تحفظات ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ سیاسی طور پر بلاول بھٹو زرداری نے بڑی سنجیدہ باتیں کیں، جی بی اور آزاد کشمیر الیکشن میں ہماری تلخیاں تھیں، انہوں نے سب ختم کیں اور کہا اتفاق سے چلیں گے اس دن بھی یہ غصہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ 27ویں ترمیم کے بعد جوڈیشل کمیشن بنا اور بلاول بھٹو اس کے رکن ہیں، بلاول بھٹو کی باتوں کا ہم نے جواب دیا اس سے مراد یہ نہیں کہ دونوں جماعتیں آمنے سامنے آگئیں۔