غزہ میں اسرائیلی حملہ، ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کے دو اہلکار جاں بحق

بین الاقوامی طبی تنظیم ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) نے ہفتے کے روز بتایا کہ غزہ میں اس کے ایک کلینک پر اسرائیلی حملے میں تنظیم کے دو اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ دونوں افراد کلینک میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے۔

ایم ایس ایف نے اسے تنظیم پر “براہ راست حملہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی عمارت پر واضح طور پر تنظیم کے نشانات موجود تھے اور اس کا مقام اسرائیلی فوج کے علم میں تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ دونوں افراد حماس کے رکن تھے، اور کسی اسپتال یا طبی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی تردید کی۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں طبی مراکز، طبی عملے اور امدادی کارکنوں پر حملے ناقابل قبول ہیں۔ اس سے قبل 24 نومبر کو اسرائیلی فضائی حملوں میں اقوام متحدہ کے ادارے انروا کے ایک کارکن سمیت کم از کم تین افراد جاں بحق ہوئے تھے۔