پاکستان بار کونسل کے 8 ارکان نے مشترکہ بیان میں عدلیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سابق وزیراعظم عمران خان کی علاج کی درخواست پر فوری توجہ دے اور سپریم کورٹ کے اس حکم پر عمل درآمد یقینی بنائے جس میں انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا کہا گیا تھا۔
بیان پر عابد شاہد زبیری، سلمان اکرم راجا، صلاح الدین احمد، محمد مقصود بٹر، شفقت محمود چوہان، عبدالستار خان، منیر احمد کاکڑ اور قاضی محمد ارشد کے دستخط ہیں۔ عمران خان نے پیر کو وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام کھلا خط لکھ کر اپنے اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاج کی درخواست کی تھی۔
بار کونسل کے ارکان کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 18 اگست کو حکومت کو دو روز میں انہیں شفا انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم انہیں پمز میں معائنے کے بعد واپس جیل بھیج دیا گیا۔ ارکان نے آئین کے آرٹیکل 9 اور 10-اے کا حوالہ دیتے ہوئے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھا ہے، جبکہ وکلا کے اتحاد ڈیموکریٹک الائنس نے بھی الگ بیان میں عدلیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
