پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرائے جائیں گے۔
فیصلے کے مطابق ہر مرحلے میں صوبے کے 18، 18 اضلاع میں پولنگ ہوگی۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرائے جائیں گے۔
فیصلے کے مطابق ہر مرحلے میں صوبے کے 18، 18 اضلاع میں پولنگ ہوگی۔
سعودی عرب میں طلبہ کے لیے 10 روزہ خزاں کی تعطیلات جمعہ 20 نومبر سے شروع ہوں گی جو اتوار 29 نومبر تک جاری رہیں گی۔
سرکاری تعطیلاتی شیڈول کے مطابق ان چھٹیوں میں ایک اضافی تعطیل بھی شامل کی گئی ہے، اور طلبہ پیر 30 نومبر کو دوبارہ اسکول جائیں گے۔
بنگلہ دیش میں گارمنٹس فیکٹریوں کے مزدوروں کی اجرتوں میں اضافے کے مطالبے پر نئے احتجاج کے دوران پولیس سے جھڑپیں ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق ملک کی ساڑھے 4 ہزار فیکٹریوں میں سے تقریباً 500 بند ہو گئیں۔ مزدوروں کا مطالبہ ہے کہ کم از کم ماہانہ اجرت 12 ہزار 500 ٹکا سے بڑھا کر 30 ہزار ٹکا کی جائے، جو 140 فیصد اضافہ بنتا ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے کونسل کے دو روزہ اجلاس میں “وژن 2035” کی منظوری متوقع ہے، جبکہ پاکستان 2026-27 کے لیے تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھال رہا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اجتماعی وعدوں کو ٹھوس اقدامات میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان امن کی کوششیں ترک نہیں کیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے کے لیے قابل اعتماد اور پائیدار توانائی نظام کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ای سی او وفود کے سربراہان نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ سکیورٹی چیلنجز اور علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور دونوں جانب سے مسلسل رابطوں اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں تجارت اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر زور دیا۔
پاکستان اور ترکمانستان نے تاپی (ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، بھارت) گیس پائپ لائن منصوبے پر پیش رفت کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے بعد سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں شیشہ بنانے والی ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی، جس پر 70 فیصد تک قابو پا لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
وفاقی آئینی عدالت نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشانِ حیدر پانے والے شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس کے خاندان کے خلاف غیر سنجیدہ مقدمہ بازی بند کرے۔
جسٹس نجفی نے ریمارکس دیے کہ شہید کے خاندان کو جائیداد کے ایک طویل تنازع میں گھسیٹا گیا، جبکہ ماتحت عدالتیں ایل ڈی اے کے اعتراضات بارہا مسترد کر چکی ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کی وفاقی پنشن اصلاحات کی معاونت کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
بینک کے مطابق اس قرض کا مقصد پنشن نظام سے متعلق اداروں کو مضبوط بنانا، شفافیت میں اضافہ کرنا اور نظام کو طویل مدت کے لیے پائیدار بنانا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے سری لنکا کو صرف 98 رنز پر آؤٹ کر دیا اور دن کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا کر 23 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد عباس نے 14 رنز کے عوض 3، رضا اللہ نے 21 رنز دے کر 3 اور عامر جمال نے 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی جانب سے کپتان کسل مینڈس 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اور پوری ٹیم 35.3 اوورز میں آؤٹ ہو گئی۔ راولپنڈی میں کسی بھی ٹیم کا یہ سب سے کم ٹیسٹ اسکور ہے۔
جواب میں پاکستانی اوپنرز طیب عارف اور اذان اویس نے عمدہ آغاز فراہم کیا اور چائے کے وقفے تک اسکور بغیر کسی نقصان کے 58 رنز تھا۔ دن کے اختتام پر اذان اویس 47 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
یاد رہے کہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا، اور دو میچوں کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔