ریاض میں آرامکو کی عمارت پر حملے کی کوشش، پاکستان کی شدید مذمت

ریاض میں آرامکو کی عمارت پر حملے کی کوشش، پاکستان کی شدید مذمت

پاکستان نے سعودی دارالحکومت ریاض میں آرامکو کی انتظامی عمارت پر حوثیوں کے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حوثی سعودی عرب پر تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں۔

دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی سے کھلی لاپرواہی ہے، اور پاکستان سعودی حکام کی بروقت اور مستعد کارروائی کو سراہتا ہے۔

دفترِ خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اور پاکستان مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کو ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع آرامکو کی عمارت حملے کی کوشش کے دوران متاثر ہوئی تھی، جس کی ذمہ داری یمن کے حوثی گروپ نے قبول کی تھی۔