بلوچستان کے ضلع گوادر میں اورماڑہ کے قریب بسول کے مقام پر مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر کے تصادم میں ایک خاتون اور ایک بچے سمیت کم از کم 10 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ کئی افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق تربت سے کراچی جانے والی کوچ باؤزر سے ٹکرائی تو آگ بھڑک اٹھی جس نے دونوں گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا اور مسافر اندر پھنس گئے۔ مکران کوسٹل ہائی وے کے ایس پی محمد اسلم بنگلزئی نے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
زخمیوں کو اورماڑہ ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا۔ حادثے کے بعد ہائی وے کئی گھنٹے تک بند رہی اور بسول اور اورماڑہ کے قریب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
