ایران کا جنگ ختم ہونے تک آئی اے ای اے انسپکٹرز کو اجازت دینے سے انکار

ایران نے کہا ہے کہ جب تک جنگ ختم نہیں ہوتی، عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے انسپکٹرز کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایرانی پاسداران انقلاب کا دعویٰ ہے کہ اتوار سے اب تک آبنائے ہرمز میں 6 ٹینکر ڈوب چکے ہیں، جبکہ ایران نے تجارتی جہازوں کو امریکا کے بتائے گئے راستے استعمال نہ کرنے کی تنبیہ کی ہے۔

دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ تنازع کو نہ ختم ہونے والی جنگ نہیں بننے دے گا۔

بنگلہ دیش: اجرتوں میں اضافے کے لیے گارمنٹس مزدوروں کا احتجاج، پولیس سے جھڑپیں

بنگلہ دیش میں گارمنٹس فیکٹریوں کے مزدوروں کی اجرتوں میں اضافے کے مطالبے پر نئے احتجاج کے دوران پولیس سے جھڑپیں ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق ملک کی ساڑھے 4 ہزار فیکٹریوں میں سے تقریباً 500 بند ہو گئیں۔ مزدوروں کا مطالبہ ہے کہ کم از کم ماہانہ اجرت 12 ہزار 500 ٹکا سے بڑھا کر 30 ہزار ٹکا کی جائے، جو 140 فیصد اضافہ بنتا ہے۔

سعودی عرب میں اسکولوں کی 10 روزہ خزاں کی تعطیلات 20 نومبر سے شروع

سعودی عرب میں طلبہ کے لیے 10 روزہ خزاں کی تعطیلات جمعہ 20 نومبر سے شروع ہوں گی جو اتوار 29 نومبر تک جاری رہیں گی۔

سرکاری تعطیلاتی شیڈول کے مطابق ان چھٹیوں میں ایک اضافی تعطیل بھی شامل کی گئی ہے، اور طلبہ پیر 30 نومبر کو دوبارہ اسکول جائیں گے۔

ترکیہ کے شہر انطالیہ میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کا آغاز

اقوامِ متحدہ کی سالانہ ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 آج ترکیہ کے ساحلی شہر انطالیہ میں شروع ہو گئی، جو دو ہفتے جاری رہے گی۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی بحران کو سنجیدگی سے لیں، کاربن کے اخراج میں تیزی سے کمی کریں، فوسل فیول سے منصفانہ انداز میں منتقلی یقینی بنائیں اور کمزور ممالک کو مالی مدد اور تحفظ فراہم کریں۔

کانفرنس کی صدارت ترکیہ کے وزیرِ ماحولیات مراد کُرم کر رہے ہیں جبکہ مذاکرات کی قیادت آسٹریلیا کے پاس ہے۔ پہلے ہی روز ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کے درمیان ماحولیاتی فنڈنگ کو ایجنڈے میں شامل کرنے پر اختلافات سامنے آئے۔

یورپی یونین کے ماحولیاتی ادارے کے مطابق 2026 ریکارڈ پر دوسرا گرم ترین سال ثابت ہو سکتا ہے۔ ترکیہ کانفرنس میں 2035 تک عالمی توانائی میں بجلی کا حصہ تقریباً 20 سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کی تجویز پیش کر رہا ہے۔

ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ کا امکان بہت کم ہے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ شروع ہونے کا امکان بہت کم ہے، تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ تہران ایک انتہائی مضبوط معاہدے پر دستخط کرتا ہے یا نہیں۔

امریکی ٹی وی چینل سی این این کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ضرورت پڑی تو وہ دوبارہ حملے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی معیشت تباہی کی طرف جا رہی ہے۔

صدر ٹرمپ کی آج وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیراعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات طے ہے۔ گزشتہ ہفتے کے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے کانگریس کا کنٹرول کھو دینے کے بعد یہ کسی غیر ملکی رہنما سے ان کی پہلی ملاقات ہوگی۔

ادھر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکی انتخابی نتائج کے بعد ثالثوں کی آمد و رفت رک گئی ہے اور تہران امریکی ردعمل کا انتظار کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ قطر اور پاکستان کئی ماہ سے ثالثی کی کوششیں کر رہے ہیں۔

بارشوں سے متاثرہ غزہ کے لیے امداد فوری بڑھائی جائے: وزیراعظم کی وزارتِ خارجہ کو ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں سے متاثرہ غزہ کے لیے انسانی امداد میں ہر دستیاب ذریعے سے فوری اضافہ کیا جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ غزہ سے آنے والی تصاویر انتہائی تکلیف دہ ہیں، جہاں خیمے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور بچے بھوک اور سردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ضروری امداد کی ترسیل میں اسرائیلی رکاوٹوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہیں جنگ بندی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر کے مطابق 12 گھنٹوں کے دوران کم از کم 70 ہزار خیمے پانی میں ڈوب گئے، جس سے ہزاروں بے گھر افراد متاثر ہوئے۔ سول ڈیفنس کو بے گھر شہریوں کی جانب سے 1500 ہنگامی کالز موصول ہوئیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ایندھن کی کمی اور تباہ شدہ مشینری کے باعث وہ صورتحال سے نمٹنے کے قابل نہیں۔

ریاض میں آرامکو کی عمارت پر حملے کی کوشش، پاکستان کی شدید مذمت

پاکستان نے سعودی دارالحکومت ریاض میں آرامکو کی انتظامی عمارت پر حوثیوں کے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حوثی سعودی عرب پر تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں۔

دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی سے کھلی لاپرواہی ہے، اور پاکستان سعودی حکام کی بروقت اور مستعد کارروائی کو سراہتا ہے۔

دفترِ خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اور پاکستان مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کو ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع آرامکو کی عمارت حملے کی کوشش کے دوران متاثر ہوئی تھی، جس کی ذمہ داری یمن کے حوثی گروپ نے قبول کی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے پولیو نگرانی بورڈ کے 7 رکنی وفد کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں پولیو نگرانی بورڈ کے 7 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے۔ وفد میں روٹری کے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے چیئرمین مائیک میکگورن، گیٹس فاؤنڈیشن کے گلوبل ڈیولپمنٹ کے صدر کرس ایلائیس،ریجنل ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف اور گاوی کے نمایندگان بھی شامل تھے ۔ وزیراعظم سے ملاقات میں وزیر صحت مصطفیٰ کمال ، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق بھی موجود تھیں۔ دوران گفتگو وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انسداد پولیو کے لیے شراکت داروں کا حکومت کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

ترکیہ میں نمایاں کاروباری گروپوں سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم نے 7 رکنی وفد کے روبرو کہا کہ بچوں کے مستقبل کو پولیو جیسے موذی مرض سےبچانے کےلیے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں۔ انہوں نے اجلاس میں پولیو سے پاک پاکستان کے عزم کی تجدید کی اور کہا کہ پولیو کاخاتمہ قومی ترجیح ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز مشترکہ کوششیں مزید تیز کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی خیبر پختونخوا کے پولیو ہاٹ اسپاٹس پر خصوصی توجہ دینے اور موثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ تمام شراکت داروں کے انسداد پولیو کے حوالے سے اقدامات پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں، حکومتی ٹیم کے تمام ارکان انسداد پولیو کیلئے اقدامات پر لائق تحسین ہیں۔ اس موقع پر وفد نے پولیو فری پاکستان کےلیے حکومت کے موثر اقدامات کو سراہا اور نمایاں پیشرفت پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔