ملک میں گندم کی کمی کے باعث پرچون فروشوں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
ڈھائی نمبر آٹا 180 روپے فی کلو جبکہ فائن آٹا 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ متعلقہ حلقوں کے اندازے کے مطابق ملک میں 30 سے 40 لاکھ ٹن گندم کی قلت ہے۔
ملک میں گندم کی کمی کے باعث پرچون فروشوں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
ڈھائی نمبر آٹا 180 روپے فی کلو جبکہ فائن آٹا 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ متعلقہ حلقوں کے اندازے کے مطابق ملک میں 30 سے 40 لاکھ ٹن گندم کی قلت ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ اور دھوئیں کے اخراج کا ٹیسٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر آنے سے روک دیا جائے گا۔
ایسی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن یکم دسمبر سے شروع ہوگا، جبکہ کھلے مقامات پر کچرا اور دیگر اشیاء جلانے پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرائے جائیں گے۔
فیصلے کے مطابق ہر مرحلے میں صوبے کے 18، 18 اضلاع میں پولنگ ہوگی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ سکیورٹی چیلنجز اور علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور دونوں جانب سے مسلسل رابطوں اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں تجارت اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر زور دیا۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے کونسل کے دو روزہ اجلاس میں “وژن 2035” کی منظوری متوقع ہے، جبکہ پاکستان 2026-27 کے لیے تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھال رہا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اجتماعی وعدوں کو ٹھوس اقدامات میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان امن کی کوششیں ترک نہیں کیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے کے لیے قابل اعتماد اور پائیدار توانائی نظام کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ای سی او وفود کے سربراہان نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔
پاکستان اور ترکمانستان نے تاپی (ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، بھارت) گیس پائپ لائن منصوبے پر پیش رفت کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے بعد سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں شیشہ بنانے والی ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی، جس پر 70 فیصد تک قابو پا لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کی وفاقی پنشن اصلاحات کی معاونت کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
بینک کے مطابق اس قرض کا مقصد پنشن نظام سے متعلق اداروں کو مضبوط بنانا، شفافیت میں اضافہ کرنا اور نظام کو طویل مدت کے لیے پائیدار بنانا ہے۔
وفاقی آئینی عدالت نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشانِ حیدر پانے والے شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس کے خاندان کے خلاف غیر سنجیدہ مقدمہ بازی بند کرے۔
جسٹس نجفی نے ریمارکس دیے کہ شہید کے خاندان کو جائیداد کے ایک طویل تنازع میں گھسیٹا گیا، جبکہ ماتحت عدالتیں ایل ڈی اے کے اعتراضات بارہا مسترد کر چکی ہیں۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ان کی ذاتی رائے میں نئے سال تک ملک میں نئے صوبے اور نیا نظام سامنے آ سکتا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ ان کی اپنی رائے ہے اور ان کے پاس اس حوالے سے کوئی اندرونی معلومات نہیں۔
نئے صوبوں کا معاملہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 30 جولائی کو ایک اقتصادی کانفرنس میں اٹھایا تھا، جہاں انہوں نے بہتر طرز حکمرانی کے لیے نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کی رضامندی کے بغیر کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اتفاق رائے سے 12 سے 15 صوبے بنانے کی بات کر چکے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں پر عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم ایک قانونی اور آئینی طریقہ ہے اور کسی سیاسی جماعت کو عوام کے پاس جانے پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کی مخالفت کر رہی ہے اور سندھ اسمبلی ستمبر میں اس کے خلاف قرارداد منظور کر چکی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کو الگ انتظامی یونٹ بنانے کی حامی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنے پر وہ اپنا مؤقف دے گی۔
آئینی ماہرین کے مطابق صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے لیے آرٹیکل 239 کے تحت آئینی ترمیم ضروری ہے، جس کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ متعلقہ صوبائی اسمبلی کی بھی دو تہائی منظوری درکار ہوگی۔