27ویں ترمیم کی جبری اکثریت سے منظوری کے بیان پر بلاول کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا، رانا ثناء

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے اس بیان پر کہ 27ویں ترمیم جبری اکثریت سے منظور کی گئی، ان کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیازی نے شرکت کی۔

یہ زور زبردستی کریں گے تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا، خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا: بلاول

سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کے اس بیان پر کہ 27ویں ترمیم جبری اکثریت سے کی گئی ہے، ان کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایک پارٹی کا لیڈر یہ کہے کہ میں نے دباؤ میں آکر آئینی ترمیم پر ووٹ دیا ہے تو اس بیان سے ان کی نااہلی ہوسکتی ہے۔

ن لیگی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو 27ویں ترمیم کے تحت بننے والے جوڈیشل کمیشن کے بینیفشری ہیں، پی پی چیئرمین نے آج ناراضی میں یہ باتیں کی ہیں۔

پیپلز پارٹی کہتی کچھ، عملاً کرتی کچھ اور ہے، ترجمان اپوزیشن اتحاد

اُن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سندھ کی تقسیم کی بات پر ناراض ہوئے ہیں، وہاں واقعی ان کے لیے ایک مسئلہ ہے، ہمیں شروع سے پتا ہے سندھ کی تقسیم کی بات پر پیپلز پارٹی کے تحفظات ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ سیاسی طور پر بلاول بھٹو زرداری نے بڑی سنجیدہ باتیں کیں، جی بی اور آزاد کشمیر الیکشن میں ہماری تلخیاں تھیں، انہوں نے سب ختم کیں اور کہا اتفاق سے چلیں گے اس دن بھی یہ غصہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ 27ویں ترمیم کے بعد جوڈیشل کمیشن بنا اور بلاول بھٹو اس کے رکن ہیں، بلاول بھٹو کی باتوں کا ہم نے جواب دیا اس سے مراد یہ نہیں کہ دونوں جماعتیں آمنے سامنے آگئیں۔

لاہور میں 79 سال بعد تاریخی گوردوارہ چھیویں پاتشاہی دوبارہ کھول دیا گیا

لاہور کے علاقے مزنگ میں ٹیمپل روڈ پر واقع تاریخی گوردوارہ چھیویں پاتشاہی سری گرو ہرگوبند صاحب کو بحالی کے بعد 79 سال بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔ یہ گوردوارہ 1947 میں تقسیم کے بعد سے بند تھا۔

گوردوارے کو متروکہ وقف املاک بورڈ، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور حکومتِ پنجاب کی مشترکہ تقریب میں کھولا گیا، جس میں پنجاب کے وزیرِ اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری ناصر مشتاق سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

روایات کے مطابق سکھوں کے چھٹے گرو، گرو ہرگوبند صاحب نے یہاں اپنے عقیدت مند بھائی جیون کے گھر تین دن قیام کیا تھا، جس کے بعد اس گھر کو گوردوارے میں تبدیل کر دیا گیا۔ گوردوارے کی اصل عمارت مہاراجہ رنجیت سنگھ کے دور سے تعلق رکھتی ہے۔

رمیش سنگھ اروڑا نے بتایا کہ ملک بھر میں 50 سے زائد گوردواروں کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔

اپوزیشن اتحاد کا حکومت مخالف تحریک کا عندیہ، مولانا فضل الرحمان سے قیادت کی امید

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) نے وفاقی حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا عندیہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اس کی قیادت کریں گے۔

اتحاد کے ترجمان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی کے مطابق جلد ایک کثیر الجماعتی کانفرنس بلائی جائے گی، جس کے بعد حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز ہو سکتا ہے، تاہم کانفرنس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ حال ہی میں جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ اور ٹی ٹی اے پی رہنماؤں نے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے پر اصولی اتفاق کیا تھا۔

ٹی ٹی اے پی نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف الزامات کو بے بنیاد اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات دلیل اور مکالمے سے حل ہونے چاہییں، ذاتی حملوں سے نہیں۔ اتحاد نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی مخالفت پر مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کو بھی سراہا۔

لاہور-فیصل آباد ریلوے سروس 15 نومبر سے بحال ہوگی

سیلاب کے باعث معطل ہونے والی لاہور-فیصل آباد ریلوے سروس 15 نومبر سے دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔

پاکستان ریلوے کے سی ای او حافظ اللہ کے مطابق بحالی کا کام شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ سول ورکس مکمل ہو چکے ہیں جبکہ نئے پشتے اور ٹریک بچھانے کا کام تقریباً مکمل ہے، اور انجینئرز نئے ٹریک کا معائنہ کر رہے ہیں۔ سروس کی بحالی سے پہلے ٹرائل ٹرین بھی چلائی جائے گی، جبکہ وفاقی وزیرِ ریلوے 15 نومبر کو سروس کا افتتاح کریں گے۔

اس روٹ پر شالیمار، بدر، غوری اور قراقرم ایکسپریس سمیت کئی مسافر اور مال بردار ٹرینیں چلتی ہیں۔ دریائے راوی اور چناب میں سیلاب اور نالہ ڈیک و نالہ بھیڑ میں شگاف پڑنے سے ریلوے پلوں کے نیچے سے مٹی بہہ گئی تھی، جبکہ اگست میں شیخوپورہ کے قریب ایک ریلوے پل گر گیا تھا۔

بحالی کے اس منصوبے پر 45 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔

جعلی ادویات سے بچاؤ: ڈریپ کی شہریوں کو “محفوظ دوا” ایپ استعمال کرنے کی ہدایت

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ادویات کے اصلی ہونے اور ان کی درست قیمت جاننے کے لیے “محفوظ دوا” موبائل ایپ استعمال کریں۔

ایپ کے ذریعے صارفین دوا کے ڈبے پر موجود ٹو ڈی بارکوڈ کو اسمارٹ فون سے اسکین کر کے دوا کی تفصیلات اور قیمت دیکھ سکتے ہیں۔ یہ اقدام جعلی ادویات کی روک تھام کی کوششوں کا حصہ ہے۔

وزارتِ قومی صحت کے ترجمان ساجد شاہ کے مطابق ملک بھر میں تقسیم ہونے والی ادویات کے لیے مرکزی ٹریک اینڈ ٹریس نظام 9 اکتوبر سے فعال ہو چکا ہے، جس سے سپلائی چین کی نگرانی اور شکایت کی صورت میں دوا کو مارکیٹ سے واپس منگوانا آسان ہو گیا ہے۔ ڈریپ کے ساتھ تقریباً 800 دوا ساز کمپنیاں اور 90 ہزار سے زائد ادویات رجسٹرڈ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ وزارت شہریوں کو معیاری اور مؤثر ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ واضح رہے کہ ادویات پر بارکوڈ کی تجویز 2015 میں سامنے آئی تھی جسے 2017 میں وفاقی کابینہ نے منظور کیا تھا۔

لاہور ایک بار پھر دنیا کا آلودہ ترین بڑا شہر، فضائی معیار کا انڈیکس 600 سے تجاوز

لاہور آج صبح بھی دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا، جہاں عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق فضائی معیار کا انڈیکس (اے کیو آئی) 600 سے تجاوز کر گیا، جو “خطرناک” درجے میں آتا ہے۔

لاہور کی آلودگی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود شہر سے تین گنا سے بھی زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ شہر کے بعض علاقوں میں صورتحال اس سے بھی سنگین رہی اور علامہ اقبال ٹاؤن میں انڈیکس ایک ہزار سے اوپر چلا گیا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں رائیونڈ 688، ملتان 655 اور فیصل آباد 600 کے ساتھ شدید آلودگی کی لپیٹ میں رہے۔

پنجاب حکومت نے خبردار کیا تھا کہ بھارتی پنجاب میں دیوالی کی آتش بازی کا دھواں، فصلوں کی باقیات جلانے اور مشرقی ہواؤں کے باعث لاہور کی فضا مزید خراب ہو سکتی ہے۔ پیش گوئی کے مطابق 9 اور 10 نومبر کو آلودگی زیادہ رہے گی جبکہ 11 نومبر سے معمولی بہتری کا امکان ہے۔

ای پی اے پنجاب کے مطابق اب تک فصلوں کو آگ لگانے کے 679 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 650 پر قابو پا لیا گیا، جبکہ غیر قانونی طور پر فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

یوتھ لون اسکیم: ذاتی قرض کی حد ڈھائی کروڑ روپے، 18 سالہ نوجوان بھی اہل

وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت ذاتی قرض کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کرنے اور درخواست دہندگان کی کم از کم عمر 21 سے کم کر کے 18 سال کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

یہ ہدایات اسلام آباد میں اسکیم سے متعلق جائزہ اجلاس میں دی گئیں، جس میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

فیصلے کے مطابق قرضوں کا 30 فیصد حصہ خواتین کے لیے مختص ہوگا تاکہ وہ معاشی طور پر خودمختار ہو سکیں، جبکہ سمیڈا نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے رہنمائی، مشاورت اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال نوجوانوں کے قرضوں کے لیے 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن سے مالی سال 2026-27 میں تقریباً 2 لاکھ 66 ہزار 700 افراد مستفید ہوں گے۔ جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تقریباً 314 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں۔

پاکستانی اور سعودی سرمایہ کاروں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نیا فنڈ قائم کر دیا

سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل نے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر باہمی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ایک پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کا آغاز کر دیا ہے۔

کونسل کے بیان کے مطابق فنڈ کا ابتدائی حجم کئی سو ملین ہے، جسے مختلف شعبوں میں مواقع کی بنیاد پر مزید بڑھایا جائے گا۔ فنڈ کا تین چوتھائی حصہ پاکستان میں جبکہ باقی حصہ سعودی عرب کے منصوبوں میں لگایا جائے گا۔

سعودی سرمایہ کار اس سے قبل زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں برس اگست میں دونوں ممالک نے سعودی عرب کو پاکستانی زرعی اور غذائی برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

میر علی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، مساجد میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم: آئی ایس پی آر

سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے نواحی گاؤں موزک میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دو ٹھکانے ختم کر دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ٹھکانے مساجد کے اندر قائم کیے گئے تھے، جہاں سے تیار شدہ دیسی ساختہ بموں، دھماکا خیز مواد، اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد مساجد کو بارود ذخیرہ کرنے اور ٹارچر سیل کے طور پر استعمال کر رہے تھے، جو ان کی اسلام سے لاتعلقی کا ثبوت ہے۔

علاقے میں مزید ممکنہ ٹھکانوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے مساجد کو بارود اور تشدد کے لیے استعمال کرنے کی مذمت کی، جبکہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی کامیاب کارروائی پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تربیلا توسیعی منصوبے پر کھدائی کے دوران چٹان گر گئی، تمام مزدور محفوظ: واپڈا

تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے (ٹی-5) پر کھدائی کے دوران کمزور چٹان کا ایک حصہ گرنے سے پانی قریبی تعمیراتی حصوں میں داخل ہو گیا، تاہم واپڈا کے مطابق تمام مزدوروں کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا۔

واقعہ دوسری بینچ کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران پیش آیا، جس کے بعد انٹیک پِٹ کا پانی سرنگ اور زیرِ تعمیر پاور ہاؤس کے علاقے میں آ گیا۔ حکام نے ہنگامی صورتحال نافذ کر کے تعمیراتی کام معطل کر دیا۔ کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

واپڈا کا کہنا ہے کہ انٹیک پِٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے اور پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔ ادارے کے مطابق مرکزی سرنگ، پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اور ٹی-5 سرنگ گرنے کی خبریں درست نہیں۔

حکام کے مطابق زیریں علاقوں میں سیلاب کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں، تاہم تربیلا سے اضافی پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے سندھ میں بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے، اس لیے شہریوں کو دریا میں نہانے، تیراکی اور کشتی رانی سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔

1530 میگاواٹ کے اس منصوبے کی تکمیل کے بعد تربیلا کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4888 سے بڑھ کر 6418 میگاواٹ ہو جائے گی۔